بائیڈن کا نیتن یاہو پر غزہ جنگ میں وعدوں کی خلاف ورزی کا الزام
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا کے سابق صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے غزہ جنگ کے دوران فلسطینی شہریوں کی ہلاکتیں کم کرنے سے متعلق بار بار کیے گئے وعدوں پر عمل نہیں کیا۔جو بائیڈن کے مطابق نیتن یاہو امریکی مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کراتے تھے، تاہم اس کے باوجود اسرائیلی فوجی کارروائیاں جاری رہتیں، جن کے نتیجے میں مزید فلسطینی شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے تھے۔سابق امریکی صدر نے یہ انکشاف اپنی نئی یادداشتوں پر مبنی کتاب ’’پرامس می، امریکا‘‘ میں کیا ہے، جس کے بعض اقتباسات امریکی ذرائع ابلاغ میں شائع کیے گئے ہیں۔ 480 صفحات پر مشتمل یہ کتاب 17 نومبر کو منظر عام پر آئے گی۔بائیڈن نے کتاب میں لکھا ہے کہ غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے وہ اسرائیل پر زور دیتے رہے کہ فوجی کارروائیوں کے دوران عام شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے زیادہ احتیاط برتی جائے۔ان کے مطابق نیتن یاہو کے ساتھ متعدد نجی ملاقاتوں اور ٹیلی فونک رابطوں میں بھی یہ معاملہ اٹھایا گیا۔ اسرائیلی وزیراعظم اس بات کو تسلیم کرتے تھے کہ فلسطینی شہریوں کی بڑھتی ہوئی ہلاکتیں عالمی سطح پر اسرائیل کی ساکھ اور جنگ کے لیے امریکی حمایت کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔