امریکا نے لبنانی قونصل جنرل کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک بدر کردیا
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے ریاست مشیگن کے شہر ڈیٹرائٹ میں تعینات لبنان کے قونصل جنرل ابراہیم شرارہ کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے فیصلے کے بعد لبنانی قونصل جنرل ابراہیم شرارہ امریکا چھوڑ چکے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے انہیں ملک سے نکالنے کے احکامات جاری کیے تھے۔امریکی حکام کے مطابق یہ اقدام ابراہیم شرارہ کی جانب سے 2021 میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر کی گئی ایسی تحریروں کے باعث کیا گیا، جن سے 1983 میں بیروت میں امریکی بحری فوج کے صدر دفتر پر ہونے والے بم حملے کی تعریف کا تاثر ملتا تھا۔واضح رہے کہ اس حملے میں 241 امریکی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں دہشت گرد حملوں کی تعریف یا ان کا جواز پیش کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔دوسری جانب لبنان کے وزیر خارجہ یوسف رجی نے اعلان کیا ہے کہ ڈیٹرائٹ میں ابراہیم شرارہ کی جگہ ایک نئے سفارت کار کو قونصل جنرل مقرر کیا جائے گا۔