ٹک ٹاکر انصر عرف پتلو کی عبوری ضمانت منسوخ، عدالت میں پیش نہ ہوئے
سیالکوٹ (شوبز ڈیسک) ڈسکہ میں مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے کے واقعے کے مقدمے میں ٹک ٹاکر انصر عرف پتلو کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق ڈسکہ روڈ پر منعقدہ مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہوگئے تھے۔ واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ موترہ میں درج کیا گیا تھا۔ٹک ٹاکر انصر عرف پتلو نے اس مقدمے میں ڈسکہ کی عدالت سے 10 نومبر تک عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی، تاہم سماعت کے موقع پر وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جس پر عدالت نے ان کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی۔دوسری جانب مہندی کی تقریب میں جاں بحق ہونے والے نوجوان ریحان کے اہل خانہ کو مبینہ طور پر دھمکیاں دینے کے الزام میں بھی پتلو کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس مقدمے میں انہیں گزشتہ روز تھانہ صدر ڈسکہ کی پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔واضح رہے کہ مہندی کی تقریب میں بھگدڑ کے نتیجے میں 2 افراد کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات اور قانونی کارروائی شروع کر دی تھی۔