اسکاٹ لینڈ کا بھی افغانستان کے ساتھ دوطرفہ کرکٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ
ایڈنبرا (سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ اور آسٹریلیا کے بعد اسکاٹ لینڈ نے بھی افغانستان کے ساتھ دوطرفہ کرکٹ سیریز نہ کھیلنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔کرکٹ اسکاٹ لینڈ نے افغانستان سے متعلق اپنی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ عالمی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مقابلوں میں افغان ٹیم کے خلاف کھیلنا جاری رکھے گا، تاہم افغانستان میں خواتین کی کرکٹ اور انسانی حقوق کی صورتِ حال بہتر ہونے تک دوطرفہ سیریز میں حصہ نہیں لے گا۔اعلامیے کے مطابق عالمی مقابلوں میں افغانستان کے خلاف کھیلنے کو افغان حکومت یا اس کی پالیسیوں کی حمایت نہ سمجھا جائے۔کرکٹ اسکاٹ لینڈ نے مزید کہا ہے کہ وہ افغان ٹیم کی موجودگی میں کسی سہ فریقی سیریز میں بھی شرکت نہیں کرے گا، جبکہ افغان کھلاڑیوں کے ساتھ تربیتی کیمپ، مشقی مقابلوں اور وارم اپ میچز سے بھی گریز کیا جائے گا۔اعلامیے میں وضاحت کی گئی ہے کہ افغان لیگ میں اسکاٹ لینڈ کے کھلاڑیوں کی شرکت کو بھی افغان حکومت کی حمایت تصور نہ کیا جائے۔ افغانستان سے متعلق یہ فیصلے افغان کرکٹ بورڈ سے رابطوں کے بعد کیے گئے ہیں۔کرکٹ اسکاٹ لینڈ کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تربیتی سہولتوں کی فراہمی کی درخواست جولائی میں مسترد کر دی گئی تھی، جبکہ ستمبر میں افغانستان نے افغان لیگ کے لیے دوبارہ درخواست دی تھی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک اور انسانی حقوق کی صورتِ حال کے باعث یہ اقدامات کیے گئے ہیں۔