حنا الطاف دورانِ پرواز گھورنے والے مسافر پر برس پڑیں، رویہ بے شرمانہ قرار
کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حنا الطاف نے دورانِ پرواز ایک مسافر کے مبینہ نامناسب رویے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کر دی۔اداکارہ نے انسٹاگرام پر جاری کی گئی اپنی کہانی میں بتایا کہ طیارے میں ان کے قریب بیٹھا ایک شخص مسلسل انہیں گھور رہا تھا، جس کے باعث وہ شدید بے آرامی محسوس کر رہی تھیں۔حنا الطاف کے مطابق جب مذکورہ مسافر کو احساس ہوا کہ وہ اس کی ویڈیو بنا رہی ہیں تو اس نے کچھ دیر کے لیے اپنا چہرہ چھپا لیا، تاہم بعد ازاں دوبارہ انہیں گھورنا شروع کر دیا۔اداکارہ نے مسافر کے اس رویے کو بے شرمانہ قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کی۔ انہوں نے دورانِ پرواز اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی، جس میں وہ سادہ لباس، چشمہ اور چہرے پر حفاظتی نقاب پہنے ہوئے دکھائی دیں۔تصویر کے ساتھ حنا الطاف نے سوال اٹھایا کہ کیا ان کے لباس میں کوئی خرابی تھی؟ انہوں نے خود ہی اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بالکل نہیں، ان کے لباس میں کوئی ایسی بات نہیں تھی جس پر کسی کو اعتراض ہونا چاہیے۔