عثمان خواجہ کے انکشافات پر مچل اسٹارک بھی بول پڑے، پرانے مؤقف پر قائم
سڈنی (سپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا کے معروف فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے 2018 کے دورہ جنوبی افریقا کے دوران گیند سے چھیڑ چھاڑ کے لیے میدان میں سینڈ پیپر لائے جانے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے سابقہ مؤقف پر قائم رہنے کا اعلان کیا ہے۔یہ معاملہ آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کی حال ہی میں شائع ہونے والی سوانح عمری کے بعد ایک مرتبہ پھر زیر بحث آگیا ہے، جس میں انہوں نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ سے قبل کھیلے گئے میچ میں بھی گیند کو ریورس سوئنگ کرانے کے لیے اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے واقعات کا ذکر کیا ہے۔مچل اسٹارک کا کہنا ہے کہ انہیں میدان میں سینڈ پیپر لائے جانے کا علم صرف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران ہوا تھا، جب انہوں نے اس واقعے کو اسٹیڈیم کی بڑی اسکرین پر دیکھا۔انہوں نے واضح کیا کہ وہ 2018 اور 2021 میں دیے گئے اپنے بیانات پر آج بھی قائم ہیں۔ اسٹارک نے عثمان خواجہ کی جانب سے ان انکشافات کے لیے اس وقت کا انتخاب کرنے پر بھی مایوسی کا اظہار کیا۔آسٹریلوی فاسٹ بولر نے عثمان خواجہ کی کتاب پڑھنے میں بھی عدم دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان مستقبل میں بات چیت ہوگی یا نہیں، اس کا فیصلہ خواجہ پر منحصر ہے۔دوسری جانب سابق آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے عثمان خواجہ کے ان انکشافات کی حمایت کی ہے۔واضح رہے کہ 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد آسٹریلوی کھلاڑی اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نے بھی اس معاملے کی تحقیقات دوبارہ شروع کرنے کی فی الحال ضرورت سے انکار کیا ہے۔