جو بائیڈن کا پہلی بار کینسر میں مبتلا ہونے کا اعتراف، علاج جاری

جو بائیڈن کا پہلی بار کینسر میں مبتلا ہونے کا اعتراف، علاج جاری

Nov 10, 2026|ویب ڈیسک

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق امریکی صدر جو بائیڈن نے کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے اور اس کے خلاف جاری علاج کے حوالے سے پہلی بار کھل کر اظہار خیال کیا ہے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ بیماری اور مسلسل علاج کے باعث ان کی روزمرہ سرگرمیاں محدود ہوگئی ہیں اور کام کرنے کی رفتار بھی سست پڑ گئی ہے۔سابق امریکی صدر نے بتایا کہ وہ مسلسل علاج کروا رہے ہیں۔ معالجین اب تک ہونے والی پیش رفت سے مطمئن اور پُرامید ہیں، تاہم صحت کے مسائل کے باعث ان کی نئی کتاب کی تشہیری سرگرمیوں کے منصوبے متاثر ہوئے ہیں۔جو بائیڈن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں اعلان کیا کہ ان کی صدارتی یادداشتوں پر مشتمل کتاب ’’پرومس می، امریکا‘‘ (وعدہ کرو، امریکا) رواں ماہ 17 نومبر کو شائع ہوگی۔ان کے مطابق کتاب میں دورِ صدارت کے اہم واقعات، درپیش چیلنجز، کیے گئے فیصلوں اور ان کے پس منظر پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کتاب میں امریکی قوم کی شناخت، قومی اصولوں اور عالمی سطح پر امریکا کے کردار کا بھی احاطہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ سابق امریکی صدر کو گزشتہ سال پروسٹیٹ کینسر کی ایک قسم کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد انہیں شعاعوں کے ذریعے علاج کے مراحل سے گزرنا پڑا۔