ایران پر دوبارہ حملہ ہوا تو پہلے سے 5 گنا بڑا ہوگا، ٹرمپ کی دھمکی

ایران پر دوبارہ حملہ ہوا تو پہلے سے 5 گنا بڑا ہوگا، ٹرمپ کی دھمکی

Nov 10, 2026|ویب ڈیسک

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کی تو اس کا حجم گزشتہ حملوں کے مقابلے میں 5 گنا زیادہ ہوسکتا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے پروگرام ’’واشنگٹن جرنل پرائم ٹائم‘‘ کو ٹیلی فون پر انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم تہران عوامی سطح پر اپنی اس خواہش کا اظہار نہیں کر رہا۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایران کی بحریہ، فضائیہ، فضائی دفاعی نظام اور قیادت کو تباہ کردیا ہے، جس کے بعد ایران معاہدے کا خواہاں ہے۔ٹرمپ نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مقام ’’پک ایکس ماؤنٹین‘‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے وہاں کوئی سرگرمی شروع کی تو امریکا کو اس مقام پر دوبارہ حملہ کرنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم ان کے مطابق فی الحال امریکا کے پاس ایسی کسی سرگرمی کے شواہد موجود نہیں۔انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، کیونکہ ان کے خیال میں ایران ان ہتھیاروں کا استعمال کرسکتا ہے۔ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے قطر کے وزیراعظم کے علاوہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت کی قیادت سے بھی بات چیت کی ہے۔ ان کے بقول خلیجی ممالک ایران کے خلاف مزید بڑے حملوں کے بجائے موجودہ فوجی حکمت عملی برقرار رکھنے کے حامی ہیں۔امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر ایران کے خلاف دوبارہ کارروائی کی گئی تو اس کا حجم پہلے حملے سے تقریباً 5 گنا زیادہ ہوسکتا ہے، تاہم انہوں نے ممکنہ حملے کے وقت اور اہداف کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔ٹرمپ کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ معاہدے کے لیے سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں۔ دوسری جانب ایران کی طرف سے امریکی صدر کے تازہ دعوؤں اور خلیجی ممالک کے مؤقف کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔