ایران ناکہ بندی، امریکا کا 130 تجارتی جہاز موڑنے اور 13 تباہ کرنے کا دعویٰ

ایران ناکہ بندی، امریکا کا 130 تجارتی جہاز موڑنے اور 13 تباہ کرنے کا دعویٰ

Oct 6, 2026|ویب ڈیسک

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کے خلاف جاری امریکی بحری ناکہ بندی کے دوران امریکی افواج نے مشرقِ وسطیٰ میں 130 تجارتی جہازوں کا رخ تبدیل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق کارروائی کا مقصد ایسے جہازوں کی نقل و حرکت روکنا تھا جو مبینہ طور پر امریکی احکامات کی خلاف ورزی کررہے تھے یا ایران سے متعلق مشکوک سرگرمیوں میں ملوث تھے۔سینٹ کام کے مطابق 130 تجارتی جہازوں کو راستہ تبدیل کرنے پر مجبور کرنے کے علاوہ امریکی افواج نے 3 ایسے جہازوں کو بھی ناکارہ بنایا جو مبینہ طور پر امریکی احکامات پر عمل کرنے سے انکار کررہے تھے۔امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 12 ہفتوں کے دوران مجموعی طور پر 13 تجارتی جہاز تباہ کیے گئے۔ امریکی مؤقف کے مطابق یہ جہاز یا تو بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کررہے تھے یا مبینہ طور پر ایران کے پاسدارانِ انقلاب سے منسلک اربوں ڈالر مالیت کے خفیہ مالیاتی اور تجارتی نیٹ ورک کا حصہ تھے۔امریکی حکام کے مطابق ایران سے متعلق پابندیوں کے نفاذ اور سمندری راستوں کی نگرانی کے لیے خطے میں بحری کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران تجارتی جہازوں کی شناخت، راستہ تبدیل کرنے کے احکامات اور مبینہ خلاف ورزیوں پر کارروائی کی جارہی ہے۔ایران کے خلاف امریکی بحری اقدامات ایسے وقت میں جاری ہیں جب خلیج فارس، آبنائے ہرمز اور بحیرۂ عرب میں تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت پہلے ہی علاقائی کشیدگی سے متاثر ہے۔ان اہم سمندری راستوں سے عالمی سطح پر تیل اور دیگر اشیا کی بڑی مقدار منتقل ہوتی ہے، اس لیے کسی بھی بحری محاذ آرائی سے عالمی تجارت اور توانائی کی منڈی متاثر ہوسکتی ہے۔امریکی فوج کی جانب سے تجارتی جہازوں کی تعداد، ان کی شناخت اور انہیں تباہ یا ناکارہ بنانے سے متعلق دعووں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی، جبکہ ایرانی حکام کا ان مخصوص دعووں پر ردِعمل بھی سامنے نہیں آیا۔