وفاق کی خیبرپختونخوا کو 160 ارب روپے دینے کی یقین دہانی، فیصل کنڈی

وفاق کی خیبرپختونخوا کو 160 ارب روپے دینے کی یقین دہانی، فیصل کنڈی

Oct 23, 2026|ویب ڈیسک

پشاور( اباسین خبر) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے صوبے کو 160 ارب روپے کے فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ مزید فنڈز کی ضرورت پیش آنے پر اضافی رقم بھی فراہم کی جائے گی۔پشاور میں مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں گزشتہ روز انتہائی اہمیت کا حامل تھا، جب وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سطح پر ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وفاقی وزرا نے شرکت کی، جبکہ چیف سیکریٹری نے خیبرپختونخوا کی مجموعی صورتحال اور مسائل پر بریفنگ دی۔گورنر کے مطابق اجلاس میں صوبے کو درپیش مسائل، گندم کی فراہمی اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران کی پوسٹنگ اور ٹرانسفر کے معاملات میں شفافیت یقینی بنائی جائے گی اور بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ صوبے میں شہدا کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا ہدف ایک مضبوط، ترقی کرتا اور بہتر خیبرپختونخوا بنانا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کا شکریہ بھی ادا کیا۔سرکاری ملازمین کی کارکردگی اور شہری مسائل پر بھی گفتگوسرکاری ملازمین کی ذمہ داریوں پر بات کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ سرکاری تنخواہیں لینے والے ملازمین کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے سرکاری امور انجام دینا ہوں گے۔ حکومت ملازمین کو تنخواہیں دینے کے ساتھ ان سے کام لینے کی بھی پابند ہے۔انہوں نے ٹریفک اور گاڑیوں کی رجسٹریشن کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ شہر میں تقریباً ایک لاکھ رکشے موجود ہیں، تاہم رجسٹرڈ رکشوں کی تعداد صرف 30 ہزار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائیوں میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ درحقیقت بقا کی جنگ ہے، اس لیے اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو مؤثر اور مضبوط بنانا ضروری ہے۔دوسری جانب محمود جان نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دینے سے دہشت گردی کی حوصلہ شکنی میں مدد مل سکتی ہے۔ ان کے مطابق امن و امان کی بہتری کے ساتھ ترقیاتی اقدامات بھی ضروری ہیں تاکہ خیبرپختونخوا میں استحکام اور خوشحالی کی راہ ہموار کی جاسکے۔