عامر خان بچوں کو وقت نہ دینے کے پچھتاوے پر آبدیدہ ہوگئے

عامر خان بچوں کو وقت نہ دینے کے پچھتاوے پر آبدیدہ ہوگئے

Oct 23, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی( شو بز ڈیسک)معروف بھارتی اداکار عامر خان سنگاپور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں اپنی زندگی کے ایک بڑے پچھتاوے کا ذکر کرتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے۔61 سالہ اداکار نے کہا کہ ان کی زندگی کا سب سے مشکل لمحہ کسی فلم کی ناکامی نہیں، بلکہ یہ احساس تھا کہ کام میں حد سے زیادہ مصروف رہنے کے باعث وہ اپنے بچوں اور عزیزوں کے ساتھ قیمتی وقت نہیں گزار سکے۔فیسٹیول کے دوران ہانگ کانگ کے ہدایت کار پیٹر چان ہو سن نے عامر خان کو اسکرین آئیکون ایوارڈ دیا۔ اس موقع پر اداکار سے ان کے کیریئر کے مشکل ترین دور کے بارے میں سوال کیا گیا۔فلم ’دنگل‘ کے اداکار نے بتایا کہ کورونا وبا کے دوران لاک ڈاؤن میں جب انہوں نے اپنی زندگی پر غور کیا تو انہیں احساس ہوا کہ زندگی کے تقریباً 30 سال گزر چکے ہیں۔عامر خان کے مطابق ایک یا دو سال، حتیٰ کہ پانچ سال تک کام میں جنون کی حد تک مصروف رہنا سمجھ میں آتا ہے، لیکن اگر یہ سلسلہ تین دہائیوں تک جاری رہے تو انسان اپنے قریبی رشتوں سے دور ہوجاتا ہے۔ بچے بڑے ہوکر بالغ ہوجاتے ہیں اور والدین کو احساس ہوتا ہے کہ وہ ان کے ساتھ مطلوبہ وقت نہیں گزار سکے۔یہ بات کرتے ہوئے اداکار کچھ دیر کے لیے خاموش ہوگئے اور اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ حاضرین نے تالیاں بجا کر ان کی حوصلہ افزائی کی، جس پر عامر خان نے جذباتی ہونے پر معذرت بھی کی۔خود کو سنبھالنے کے بعد انہوں نے بتایا کہ اس احساس نے انہیں زندگی میں تبدیلی لانے پر آمادہ کیا۔ گزشتہ چار برس سے وہ شعوری طور پر اپنے خاندان اور قریبی دوستوں کے لیے وقت نکال رہے ہیں۔عامر خان نے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں 56 سال کی عمر میں اپنی ترجیحات کا احساس ہوگیا، نہ کہ 86 سال کی عمر میں، جب شاید بہت دیر ہوچکی ہوتی اور زندگی بدلنے کے مواقع محدود رہ جاتے۔واضح رہے کہ عامر خان نے آخری مرتبہ نو سال قبل اپنی فلم ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ کے ساتھ اس فیسٹیول میں شرکت کی تھی۔ رواں سال ان کی مقبول فلم ’لگان‘ کی ریلیز کے 25 سال مکمل ہونے پر اس کی خصوصی نمائش بھی فیسٹیول کے پروگرام میں شامل ہے۔