وفاق خیبرپختونخوا کو مزید فنڈز دینے کے لیے تیار ہے، طلال چوہدری
اسلام آباد ( اباسین خبر) وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مزید فنڈز فراہم کرنے کو تیار ہے، جبکہ صوبے کو قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے تحت ایک فیصد اضافی حصہ بھی دیا جاتا ہے۔سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے طلال چوہدری نے بتایا کہ این ایف سی کے تحت خیبرپختونخوا کو ملنے والی اضافی رقم دیگر صوبوں سے مختلف ہے اور اس مد میں ساڑھے 8 ارب روپے پہلے ہی فراہم کیے جاچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق فاٹا کے آڈٹ کا عمل صوبائی حکومت کے تعاون سے مکمل ہوچکا ہے، تاہم آڈٹ رپورٹ سے متعلق محکمہ جاتی اکاؤنٹس کمیٹی (ڈی اے سی) کا ایک اجلاس ابھی باقی ہے۔ اس اجلاس کے بعد رپورٹ سیفران کمیٹی میں پیش کی جائے گی۔وزیر مملکت کے مطابق سیفران کمیٹی نے ہی مزید فنڈز جاری نہ کرنے کی ہدایت کی تھی، تاہم وفاقی حکومت دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کی ضروریات کے پیش نظر اضافی رقم فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔