ٹائیگر شروف کے زخموں کی ویڈیو جاری، جعلی خبروں پر قانونی کارروائی کا انتباہ
ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی وڈ اداکار ٹائیگر شروف کی ٹیم نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے بعد اداکار کے زخموں کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جعلی ویڈیوز اور قیاس آرائیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق رواں ماہ 18 اکتوبر کو ممبئی کے علاقے جوہو میں ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی۔ واقعے کے وقت اداکار فٹ بال میچ کھیلنے کے بعد وہاں سے روانہ ہو رہے تھے۔فائرنگ کے دوران ٹائیگر شروف محفوظ رہے، تاہم ان کے ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تیار کردہ ویڈیوز اور مختلف قیاس آرائیاں گردش کرنے لگیں، جس کے بعد اداکار کی ٹیم نے ایک ویڈیو شیئر کی۔ اس میں ٹائیگر شروف کے ہاتھ اور بازو پر زخموں کے نشانات دکھائی دیتے ہیں۔اداکار کی ٹیم نے میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زور دیا ہے کہ کسی بھی خبر یا معلومات کو شائع کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کی جائے۔ٹیم نے خبردار کیا کہ واقعے سے متعلق جعلی مواد تیار کرنے، اسے فروغ دینے یا پھیلانے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔