والد والدہ سے بے حد محبت کرتے تھے، طلاق کا جعلی نوٹس بھیج دیا: اسماء عباس

والد والدہ سے بے حد محبت کرتے تھے، طلاق کا جعلی نوٹس بھیج دیا: اسماء عباس

Oct 23, 2026|ویب ڈیسک

کراچی ( شو بز ڈیسک) پاکستانی اداکارہ اسماء عباس نے اپنے والد احمد بشیر کی دو شادیوں اور والدہ سے ان کی غیر معمولی محبت سے متعلق دلچسپ واقعہ بیان کیا ہے۔حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اسماء عباس نے بتایا کہ ان کے والد احمد بشیر نے دو شادیاں کی تھیں۔ ان کی پہلی شادی خاندان کی پسند سے اپنی ایک کزن کے ساتھ ہوئی تھی، تاہم وہ اس رشتے کے خواہش مند نہیں تھے اور نکاح کے بعد اپنے ایک دوست کے گھر چلے گئے تھے۔اداکارہ کے مطابق، ان کے والد کے دوست نے پہلی اہلیہ سے علیحدگی کے معاملے میں ان کی مدد کی، جس کے بعد احمد بشیر نے ان کی والدہ سے شادی کرلی۔ ان کے والدین بھی آپس میں رشتے دار تھے اور ان کی والدہ والد کی دوسری اہلیہ تھیں۔اسماء عباس نے بتایا کہ ان کے والد اپنی اہلیہ سے بے حد محبت کرتے تھے اور ان کے بغیر نہیں رہ سکتے تھے۔ اس حوالے سے انہوں نے ایک واقعہ بھی سنایا۔اداکارہ کے مطابق، جب ان کی بڑی بہن ادیبہ نیلم بشیر کی پیدائش ہوئی تو والدہ اپنے میکے چلی گئی تھیں۔ والد نے انہیں جلد گھر واپس آنے پر اصرار کیا، لیکن والدہ نے فوری واپسی سے انکار کردیا۔اسماء عباس نے بتایا کہ اس پر ان کے والد نے والدہ کو ڈرانے کے لیے طلاق کی دھمکی دی اور یہاں تک کہ طلاق کا جعلی نوٹس بھی بھجوا دیا۔ نوٹس ملنے پر والدہ خوف زدہ ہوگئیں اور فوراً واپس گھر آگئیں، جہاں انہیں معلوم ہوا کہ طلاق کا نوٹس حقیقت میں جعلی تھا۔واضح رہے کہ اسماء عباس کا تعلق پاکستان کے ایک معروف علمی، ادبی اور فنکارانہ خاندان سے ہے۔ ان کی بہن بشریٰ انصاری ملک کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں، جبکہ ان کی دیگر بہنیں نیلم ادیبہ اور سنبل بھی اداکاری سے وابستہ رہی ہیں۔ سنبل کا انتقال 2021 میں کورونا وائرس کے باعث ہوا تھا۔اسماء عباس کے والد احمد بشیر معروف ادیب اور صحافی تھے، جنہوں نے پاکستان کے علمی و ادبی حلقوں میں نمایاں مقام حاصل کیا۔