نامناسب تعلق اور حقائق چھپانے کا اعتراف، نیوزی لینڈ کے آرمی چیف مستعفی
ویلنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) نیوزی لینڈ کی دفاعی فورس کے سربراہ ایئر مارشل ٹونی ڈیویز نے ایک یونٹ کی کمان کے دوران قائم ہونے والے نامناسب تعلق کا انکشاف ہونے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔نیوزی لینڈ کی فوج کے مطابق ٹونی ڈیویز نے ذاتی وجوہات کی بنا پر عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور ماضی میں کی گئی غلطیوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ایئر مارشل ٹونی ڈیویز نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی غلطیاں دفاعی فورس کی اقدار کے منافی تھیں۔ ان کے مطابق یہ معاملہ ایک یونٹ کی کمان کے دوران قائم ہونے والے نامناسب تعلق سے متعلق ہے، جس کے بارے میں موقع ملنے کے باوجود انہوں نے پہلے انکشاف نہیں کیا، جس پر انہیں افسوس ہے۔دفاعی فورس نے بتایا کہ ٹونی ڈیویز نے اپنی نجی زندگی کے احترام کی درخواست کی ہے اور اس وقت ان کی تمام تر توجہ اپنے خاندان پر مرکوز ہے۔فوج کے مطابق اس معاملے کو مزید جائزے کے لیے ایک آزاد نگران ادارے کے سپرد کردیا گیا ہے۔نیوزی لینڈ کے وزیر دفاع پال گولڈسمتھ نے کہا کہ استعفے کے پس منظر میں سامنے آنے والے حالات مسلح افواج کے متعدد اہلکاروں کے لیے شدید مایوسی کا باعث ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کی وجوہات دیانت داری سے متعلق ایسے معاملات ہیں جن کا پہلے انکشاف نہیں کیا گیا تھا۔ وزیر دفاع کے مطابق وہ اور ٹونی ڈیویز اس بات پر متفق ہیں کہ موجودہ حالات میں ان کا عہدے پر برقرار رہنا ممکن نہیں رہا۔