ام القوین میں تیل کا اخراج، امارات نے تمام ساحل عارضی طور پر بند کردیے
ابو ظہبی ( مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ عرب امارات کی ریاست ام القوین میں آئل ٹینکر سے تیل سمندر میں رسنے کے باعث آلودگی پھیل گئی، جس کے بعد حکام نے تمام ساحل اور ساحلی تفریحی مقامات عارضی طور پر بند کردیے ہیں۔امارات کی وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ سمندر میں تیل کے اخراج کا پتا نگرانی کے نظام کے ذریعے چلا۔ واقعے کے بعد شارجہ، عجمان اور ام القوین کے رہائشیوں نے غیر معمولی بو محسوس ہونے کی شکایات بھی کیں۔وزارت کے مطابق متعلقہ حکام نے واضح کیا ہے کہ محسوس ہونے والی بو سے رہائشیوں کی صحت کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔بیان میں کہا گیا کہ خصوصی ٹیموں نے تیل کو مزید پھیلنے سے روکنے، متاثرہ علاقوں کو گھیرے میں لینے اور صفائی کے اقدامات شروع کردیے ہیں۔ ان کارروائیوں میں مقامی اور وفاقی ادارے بھی تعاون کررہے ہیں تاکہ سمندری ماحول کو مزید نقصان سے بچایا جاسکے۔حکام کے مطابق ساحلوں اور ساحلی تفریحی مقامات کی بندش اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک تکنیکی ٹیمیں متاثرہ علاقوں کا جائزہ مکمل کرکے عوامی تحفظ اور سمندری ماحول کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کا تعین نہیں کرلیتیں۔تاحال تیل کے اخراج کی مقدار، متعلقہ آئل ٹینکر کی شناخت اور واقعے کی مکمل وجوہات کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔