پاکستان میں رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری کی 2 نئی اسکیمیں رجسٹرڈ، تعداد 31 ہوگئی
کراچی (کامرس ڈیسک) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ (رئیٹ) کی 2 نئی اسکیمیں رجسٹرڈ کرلی ہیں، جس کے بعد ملک میں ایسی اسکیموں کی مجموعی تعداد 31 ہوگئی ہے۔نئی رجسٹرڈ اسکیموں میں اے ٹی ایم ٹی ڈیول سیریز ون اور امپیریم ٹاور شامل ہیں۔ اے ٹی ایم ٹی ڈیول اسکیم اسلام آباد میں جائیداد کی تعمیر و ترقی اور کرایے سے آمدنی حاصل کرنے پر مبنی ہے، جبکہ امپیریم ٹاور اسکیم لاہور کی تجارتی جائیداد میں سرمایہ کاری کرے گی۔ایس ای سی پی کے مطابق پاکستان میں رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ کے 43 لائسنس یافتہ انتظامی ادارے کام کررہے ہیں، جن میں سے 7 اسکیمیں اسٹاک ایکسچینج میں شامل ہیں، جبکہ 21 اسکیمیں شرعی اصولوں کے مطابق ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق 30 ستمبر 2026 تک رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ کے شعبے کے اثاثوں کی مالیت 275 ارب 85 کروڑ روپے ریکارڈ کی گئی۔چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ اسکیمیں سرمایہ کاروں کو منظم انداز میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شفافیت، بہتر انتظامی نظام اور سرمایہ کاروں کا تحفظ اس شعبے کی ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔