پاکستان کیخلاف دبئی ٹیسٹ میں آسٹریلوی بال ٹیمپرنگ پلان بے نقاب
دبئی( سپورٹس ڈیسک) آسٹریلوی کرکٹ کا بدنامِ زمانہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل ایک مرتبہ پھر عالمی خبروں کی زینت بن گیا ہے۔ بدنامِ زمانہ کیپ ٹاؤن واقعے کے محض چھ ماہ بعد اکتوبر 2018ء میں پاکستان کے خلاف کھیلے گئے دبئی ٹیسٹ میچ میں بھی آسٹریلوی کھلاڑیوں کی جانب سے بال ٹیمپرنگ کی ایک اور مبینہ کوشش کا تہلکہ خیز انکشاف سامنے آیا ہے۔ایک نئی تحقیقاتی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اکتوبر 2018ء میں پاکستان کے خلاف دبئی ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑیوں نے گیند کی ساخت تبدیل کرنے کے لیے ’منٹس‘ (ٹافیوں) کے استعمال کی مبینہ تجویز پیش کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق میدان میں موجود آسٹریلوی کھلاڑیوں نے گیند پر منٹس لگانے کے حوالے سے باہمی مشاورت کی، تاہم اسی دوران ٹیم میں شامل ایک نوجوان اور نئے کھلاڑی نے اس مبینہ منصوبے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے سوال کیا کہ کیا ہم دوبارہ وہی حرکت کرنے جا رہے ہیں؟تحقیقاتی رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ منصوبے پر عملدرآمد کے لیے ایک متبادل فیلڈر کو مبینہ طور پر منٹس لانے کی غرض سے ڈریسنگ روم بھیجا گیا، تاہم اس وقت کے آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے متبادل فیلڈر کو فوری طور پر واپس لوٹا دیا۔رپورٹ کے مطابق اس واقعے کا علم ہونے پر سابق آسٹریلوی ہیڈ کوچ جسٹن لینگر کھلاڑیوں کے اس مبینہ اقدام پر شدید برہم ہوئے اور ٹیم کو سخت تنبیہ کی، جس پر کپتان ٹم پین نے سپورٹ اسٹاف کو مکمل یقین دہانی کروائی کہ ان کی قیادت میں منٹس کے ذریعے گیند کی حالت تبدیل کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔واضح رہے کہ جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں پیش آنے والے سینڈ پیپر اسکینڈل کے بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے کھلاڑیوں کے میدان میں ٹافیاں لے جانے پر بھی پابندی عائد کر دی تھی۔ نئی تحقیق میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ میں سینڈ پیپر کے استعمال سے قبل بھی بال ٹیمپرنگ کی روایت موجود رہی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا مذکورہ دبئی ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر برابر (ڈرا) ہو گیا تھا۔