قلعہ عبداللہ میں منشیات تیار کرنے والی غیر قانونی فیکٹری تباہ
کوئٹہ ( اباسین خبر) ضلع قلعہ عبداللہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات تیار کرنے والی غیر قانونی فیکٹری کو مکمل طور پر مسمار کردیا۔ چھاپے کے دوران چرس کا خام پاؤڈر، تیاری میں استعمال ہونے والی مشینری، مختلف آلات اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا۔پولیس کے مطابق تھانہ جنگل پیر علیزئی کی حدود میں جانان الکوزئی کی ملکیت غیر قانونی منشیات تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا۔ پولیس ٹیم کے پہنچنے پر وہاں موجود افراد فرار ہوگئے۔تلاشی کے دوران عمارت کے زیرزمین حصے سے چرس کا خام پاؤڈر، تیاری میں استعمال ہونے والے آلات، وزن کرنے والی مشینیں، پیکنگ کے تھیلے، خشک بھنگ کے پتے اور دیگر متعلقہ سامان برآمد کیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق فیکٹری میں خشک بھنگ کے پتوں کو باریک چھلنیوں کے ذریعے پاؤڈر میں تبدیل کیا جاتا تھا، جسے پانی میں شامل کرکے بڑے لوہے کے برتنوں میں آگ پر پکایا جاتا تھا۔ پانی خشک ہونے کے بعد حاصل ہونے والے مواد کو سلیٹ نما ٹکڑوں کی شکل دے کر پلاسٹک کے تھیلوں میں بند کیا جاتا اور بعدازاں تقسیم کردیا جاتا تھا۔پولیس نے کارروائی کے دوران فیکٹری کی مشینری اور تمام آلات سمیت عمارت کو آگ لگا کر تباہ کردیا، جبکہ کمروں اور دیواروں کو بھی مسمار کردیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کی پیشگی اطلاع ملنے کے باعث فیکٹری چلانے والے افراد چھاپے سے قبل تیار شدہ منشیات وہاں سے منتقل کرچکے تھے۔ واقعے کی مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔