بلوچستان پاکستان کا ناقابلِ تنسیخ حصہ، ملکی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، سرفراز بگٹی
کوئٹہ ( اباسین خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کو کوئی پاکستان سے الگ نہیں کرسکتا اور ملک قیامت تک قائم و دائم رہے گا۔ بلوچستان پاکستان کا ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے اور قومی سلامتی، ملکی سالمیت اور یکجہتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔28ویں قومی سلامتی ورکشاپ کے شرکا سے تفصیلی خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ مذہب یا قوم پرستی کے نام پر کی جانے والی دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جاسکتی۔ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے اور دہشت گردی کی حمایت کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کے لیے مرد یا عورت ہونے کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہیں ہوگا اور قانون سب پر یکساں لاگو کیا جائے گا۔میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ آئین شہریوں کو پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے، تاہم یہی آئین ریاست کے ساتھ غیر مشروط وفاداری کا تقاضا بھی کرتا ہے۔ پرامن احتجاج اور ریاست کے خلاف مسلح کارروائی دو الگ معاملات ہیں، جنہیں ایک جیسا قرار نہیں دیا جاسکتا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں ترقی کے غیر مساوی مواقع کو دہشت گردی، تشدد یا علیحدگی پسندی کے جواز کے طور پر پیش کرنا درست نہیں۔ بلوچستان کے مسائل کو اس کی تاریخ، معاشرتی حالات اور زمینی حقائق کی روشنی میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ بعض عناصر حقائق کو توڑ مروڑ کر محرومی کا تاثر پیدا کرتے اور تشدد کو درست ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شدید گرمی اور سردی میں مشکلات برداشت کرنے والے عام شہریوں کا معیار زندگی بلند کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے انتظامی نظام بہتر بنانے، عوامی مشکلات دور کرنے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ آج بلوچستان کے غریب محنت کشوں کے بچے بھی ایچی سن اور لارنس کالج سمیت ملک کے ممتاز تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ حکومت چاہتی ہے کہ صوبے کے ہر بچے کو معیاری تعلیم اور ترقی کے یکساں مواقع میسر آئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستان مخالف عناصر سماجی رابطوں کے ذرائع کے ذریعے منظم مہم چلا رہے ہیں، جس کا مقصد بلوچستان کے نوجوانوں کی منفی ذہن سازی، انہیں پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا حصہ بنانا اور ریاست کے خلاف اکسانا ہے۔