اداروں کو مضبوط بنانا ہوگا، وینٹی لیٹر پر نہیں چل سکتے: فیصل کریم کنڈی

اداروں کو مضبوط بنانا ہوگا، وینٹی لیٹر پر نہیں چل سکتے: فیصل کریم کنڈی

Nov 26, 2026|ویب ڈیسک

پشاور( اباسین خبر) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کے سرکاری ادارے انتہائی کمزور حالت میں پہنچ چکے تھے، تاہم انہیں اس صورت حال سے نکال کر دوبارہ فعال اور مستحکم بنایا جائے گا۔ ادارے وینٹی لیٹر پر نہیں چل سکتے، ان کی مضبوطی ہی تمام معاملات کی بہتری کی ضمانت ہے۔پشاور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ جب ادارے مضبوط ہوں گے تو دیگر مسائل بھی حل ہونا شروع ہو جائیں گے۔ ان کے مطابق جامعات میں غیر ضروری اور غیر قانونی بھرتیوں کے باعث انتظامی مشکلات پیدا ہوئی ہیں، جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ محکمہ صحت میں اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔ تیمرگرہ میڈیکل کالج کئی برس سے بند پڑا ہے، جبکہ صوبے میں ایسے متعدد ترقیاتی ادارے بھی موجود ہیں جن کی تعمیر آخری مراحل تک پہنچنے کے باوجود انہیں فعال نہیں کیا جا سکا۔گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبائی پولیس کی تنخواہوں اور شہداء پیکیج میں بہتری لانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں، اس لیے اس کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور استعداد کار میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ خیبر پختونخوا کی صلاحیتوں کو عوام کی خوشحالی میں تبدیل کرنا حکومت کا بنیادی ہدف ہے، جبکہ صوبے کی آمدن میں اضافہ اولین ترجیحات میں شامل ہے۔