تحریک انصاف کے پارلیمانی اجلاس میں مذاکراتی کمیٹی اور قومی حکومت پر اختلافات
اسلام آباد( اباسین خبر) پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے طویل اجلاس کی اندرونی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جس میں مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل، پارٹی رہنماؤں کے بیانات اور قومی حکومت کے قیام سمیت مختلف سیاسی امور پر ارکان نے اپنے تحفظات اور آراء کا اظہار کیا۔پارلیمانی پارٹی کا 4 گھنٹے طویل اجلاس گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر علی ظفر سمیت سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران بعض ارکان نے مذاکرات یا رابطوں کے لیے کمیٹی قائم کرنے کے معاملے پر اعتراض اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کی موجودگی میں کمیٹی کی تشکیل یا اس حوالے سے مشاورت ہونی چاہیے، کسی ایک فرد کی ذاتی خواہش پر کمیٹی قائم نہیں کی جا سکتی۔اجلاس میں ان ارکانِ اسمبلی اور سینیٹرز کے بیانات پر بھی تحفظات ظاہر کیے گئے جو ذرائع ابلاغ کے سامنے آ کر پارٹی کے خلاف گفتگو کرتے ہیں۔ شرکاء نے اس طرز عمل پر اعتراض کرتے ہوئے پارٹی کے اندرونی معاملات کو ذمہ داری کے ساتھ حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی حکومت کے قیام کے معاملے پر بھی اجلاس میں مختلف آراء سامنے آئیں۔ بعض ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ قومی حکومت کا تصور مختلف اوقات میں سیاسی رہنماؤں کے علاوہ مقتدر حلقوں کے قریب سمجھے جانے والے افراد کی جانب سے بھی پیش کیا جاتا رہا ہے، اس لیے اس تجویز کا تفصیلی جائزہ لیا جانا چاہیے۔چند ارکان نے دلچسپ انداز میں کہا کہ اگر قومی حکومت قائم ہوتی ہے اور اس کے سربراہ بانی پی ٹی آئی کو بنا دیا جائے تو انہیں یہ تجویز قابل قبول ہوگی۔ اس رائے پر اجلاس میں قہقہے بھی گونج اٹھے۔اجلاس میں صوبوں کے قیام کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔ بعض ارکان نے تجویز دی کہ نئے صوبوں کی تشکیل جیسے اہم معاملے پر باقاعدہ مشاورتی اجلاس منعقد کیے جانے چاہئیں تاکہ اس حوالے سے مختلف آراء اور تجاویز کا جائزہ لیا جا سکے۔