بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، بھارتی سرپرستی میں سرگرم 12 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، بھارتی سرپرستی میں سرگرم 12 دہشتگرد ہلاک

Nov 26, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ ( اباسین خبر) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 12 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جبکہ ہلاک ہونے والوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20 نومبر سے بلوچستان کے اضلاع نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔ ان کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 12 دہشتگرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 20 نومبر کو نوشکی میں دہشتگردوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جہاں شدید کارروائی کے نتیجے میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ اس دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق 21 نومبر کو سبی میں دہشتگردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے کارروائی کی گئی، جس میں مزید 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔اسی طرح 22 اور 23 نومبر کو پنجگور اور کیچ کے علاقوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔ ان کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے مزید 2 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ ان کے ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے۔