نوجوان ناقص طرز حکمرانی کے باعث ریاست سے دور ہوتے ہیں، سرفراز بگٹی
کوئٹہ( اباسین خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے کی پہلی ڈیجیٹل ایکسپو 2026 کے انعقاد کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کو روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، کیونکہ ناقص طرز حکمرانی کے باعث نوجوان ریاست سے دور ہو جاتے ہیں۔ڈیجیٹل بلوچستان ایکسپو 21 سے 24 دسمبر تک بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز) میں منعقد ہوگی۔ چار روزہ نمائش میں صوبے کے ڈیجیٹل نظام سے منسلک تمام سرکاری محکمے اپنی کارکردگی اور کامیابیوں کو پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل شعبے میں مہارت رکھنے والے نوجوانوں کو ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں سے متعارف کرانے کے ساتھ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور روزگار و کاروبار کے نئے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ایکسپو کی تاریخ کے اعلان کے لیے بدھ کو وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں تقریب منعقد ہوئی، جہاں میر سرفراز بگٹی نے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے باضابطہ طور پر نمائش کی تاریخ کا اعلان کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی اس حقیقت کو محسوس کیا تھا کہ دنیا تیزی سے ڈیجیٹل نظام اور مصنوعی ذہانت کی جانب بڑھ رہی ہے، لیکن بلوچستان میں سرکاری معاملات اب بھی زیادہ تر روایتی طریقوں سے چلائے جا رہے تھے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے زیر زمین معدنی ذخائر اپنی جگہ اہمیت رکھتے ہیں، تاہم صوبے کا سب سے قیمتی سرمایہ یہاں کے باصلاحیت نوجوان ہیں۔ ان کی تخلیقی صلاحیتوں، ذہانت اور ہنر کو جدید تقاضوں کے مطابق نکھارنے کی ضرورت ہے۔ اسی مقصد کے تحت پہلی مرتبہ ڈیجیٹل بلوچستان ایکسپو کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں صوبے کے کسی بھی علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان اپنی مہارتیں پیش کر سکیں گے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی پہچان بنانے کے مواقع حاصل کریں گے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت سرکاری ملازمتوں کے ذریعے ہر فرد کو روزگار فراہم نہیں کر سکتی۔ گزشتہ 7 دہائیوں کے تجربات سے ثابت ہو چکا ہے کہ روزگار کے لیے صرف سرکاری نوکریوں پر انحصار کرنا دیرپا حکمت عملی نہیں۔ اس رجحان کے نتیجے میں حکومتی غیر ترقیاتی اخراجات بڑھتے ہیں اور تعلیم، صحت سمیت عوامی سہولیات کے لیے وسائل محدود ہو جاتے ہیں۔ دنیا جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں کو معاشی طور پر خودمختار بنا رہی ہے، لہٰذا بلوچستان کو بھی اسی راستے پر آگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو روایتی سرکاری ملازمتوں سے ہٹ کر روزگار اور کاروبار کے نئے امکانات تلاش کرنے کی ترغیب دے رہی ہے۔ ڈیرہ بگٹی، ژوب، تربت، بلیدہ، خاران، آواران اور دیگر دور دراز علاقوں کے نوجوان بھی جدید ڈیجیٹل ذرائع استعمال کرتے ہوئے اپنے لیے آمدن کے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ انہیں آگے بڑھنے کے لیے ضروری سہولیات اور پلیٹ فارم فراہم کرے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ رائز بلوچستان پروگرام، صحت کے شعبے میں ٹیلی میڈیسن اور دیگر ڈیجیٹل منصوبے اسی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ صحت کی سہولیات کے لیے متعارف کرائی گئی دہلیز ایپ کو صوبے بھر میں پذیرائی مل رہی ہے اور روزانہ موصول ہونے والے اعداد و شمار بھی حوصلہ افزا ہیں۔ ان کے مطابق خواتین کی جانب سے اس سہولت سے استفادہ اس بات کا ثبوت ہے کہ شہری جدید ذرائع کے ذریعے حکومتی نظام پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی اور کامیابی کے لیے میرٹ پر مبنی نظام بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ جب کسی موزوں شخص کو اس کی صلاحیت کے مطابق ذمہ داری دی جاتی ہے تو بہتر نتائج سامنے آتے ہیں۔ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں جاری اصلاحات اس کی مثال ہیں۔ حکومت تمام سرکاری محکموں کو مرحلہ وار ڈیجیٹل نظام پر منتقل کر رہی ہے، جبکہ محکمہ خزانہ اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات میں یہ نظام متعارف کرایا جا چکا ہے۔میر سرفراز بگٹی کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے لیے پی سی ون کا عمل بھی ڈیجیٹل بنا دیا گیا ہے، جبکہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں مصنوعی ذہانت پر مبنی حاضری کے نظام سمیت جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد سرکاری امور میں شفافیت، تیزی اور کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ ڈیجیٹل ایکسپو کے دوران تمام محکمے عوام کو بتائیں گے کہ جدید نظام کے ذریعے حکومتی کاموں میں کیا تبدیلیاں لائی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ محکمہ خزانہ کا نظام اب ایک ہی کلک پر دستیاب ہے اور سرکاری معاملات کو اس انداز میں ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے کہ روایتی دفتری طریقہ کار پر انحصار کم ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی حکومت کی کوتاہی کو ریاست کی ناکامی نہیں سمجھنا چاہیے۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے نئے مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی صلاحیتوں کے ذریعے نہ صرف اپنی اور اپنے خاندان کی معاشی حالت بہتر بنائیں بلکہ بلوچستان اور پاکستان کا نام بھی روشن کریں۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وہ بلوچستان کے معدنی وسائل سے زیادہ یہاں کے نوجوانوں کو صوبے کا اصل سرمایہ تصور کرتے ہیں۔ صوبے کی ہر بیٹی اور بیٹے میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور یہی نوجوان مستقبل میں بلوچستان کو ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلوں تک پہنچائیں گے۔