جرمنی میں گھریلو تشدد کے واقعات میں 3 فیصد اضافہ، متاثرین 2 لاکھ 80 ہزار سے متجاوز
برلن (مانیٹرنگ ڈیسک) جرمنی میں گھریلو تشدد کے واقعات میں گزشتہ سال کے دوران تقریباً 3 فیصد اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔سرکاری رپورٹ کے مطابق گھریلو تشدد کے متاثرین کی یہ تعداد اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔ پولیس کے مرتب کردہ اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ میں شریک حیات یا قریبی ساتھی کے تشدد کے علاوہ خاندان کے اندر پیش آنے والے واقعات بھی شامل ہیں۔ تشدد میں ملوث افراد میں تقریباً تین چوتھائی مرد ہیں۔جرمنی کی وزیر برائے خاندانی امور کرین پرین نے رپورٹ کے اجرا کے موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ 1 لاکھ 42 ہزار 800 خواتین اپنے قریبی ساتھیوں کے تشدد کا نشانہ بنیں، یعنی ہر گھنٹے میں 16 سے زائد خواتین کو اس صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2024ء کے دوران گھریلو تشدد کے باعث 292 افراد جان سے گئے، جن میں 209 خواتین اور لڑکیاں شامل تھیں۔ 2023ء میں یہ تعداد 286 تھی۔ یہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب ملک میں مجموعی طور پر پرتشدد جرائم میں کمی ریکارڈ کی گئی۔جرمن وزیر داخلہ الیگزینڈر ڈوبرنڈٹ نے کہا کہ 2021ء سے 2025ء تک گھریلو تشدد کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا۔ ان کے مطابق اس رجحان کی وجوہات میں مردوں کی جانب سے خواتین پر برتری کے تصور کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔ایک حالیہ تحقیق کے مطابق قریبی ساتھیوں کے ہاتھوں تشدد کے واقعات کا بہت محدود حصہ ہی متعلقہ حکام تک پہنچ پاتا ہے۔دوسری جانب جرمن حکومت نے ایک مجوزہ قانون کے مسودے پر اتفاق کیا ہے، جس کے تحت خواتین کو جنس کی بنیاد پر قتل کرنے کے عمل کو قانونی طور پر قتل کے جرم کی مخصوص شکل تسلیم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ یہ مسودہ جلد پارلیمان میں پیش کیا جائے گا۔ رپورٹ میں خواتین کے خلاف انٹرنیٹ پر تشدد، دھمکیوں اور ہراسانی کے واقعات میں بھی سالانہ 16 فیصد اضافے کی نشاندہی کی گئی ہے۔اداکارہ اور ٹیلی وژن میزبان کولین فرنانڈس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد جرمنی میں ڈیجیٹل تشدد کا موضوع بھی خاصی توجہ حاصل کرچکا ہے۔ انہوں نے رواں سال اپنے شوہر پر الزام لگایا تھا کہ اس نے ان کی جعلی فحش تصاویر انٹرنیٹ پر پھیلائیں۔اس واقعے کے بعد انٹرنیٹ پر تشدد کی نئی اقسام کی روک تھام کے لیے فوجداری قوانین میں تبدیلی کے مطالبات بھی زور پکڑ گئے۔ وفاقی پولیس کی نائب سربراہ مارٹینا لنک نے کہا کہ انٹرنیٹ پر بعض گروہوں، بالخصوص مردانہ بالادستی کے نظریات اور انسل تحریک سے وابستہ حلقوں میں انتہا پسندی بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔