آن لائن جوئے میں رقم ہارنے والا مصری نوجوان مبینہ خودکشی کرگیا
قاہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مصر میں انٹرنیٹ پر جوئے کے دوران بھاری مالی نقصان اٹھانے والے ایک نوجوان نے مبینہ طور پر خودکشی کرکے زندگی ختم کرلی۔خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ صوبہ جیزہ کے علاقے صفت اللبن میں پیش آیا، جہاں نوجوان کی لاش برآمد ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ آن لائن کھیل میں رقم داؤ پر لگانے کے نتیجے میں مالی نقصان کے باعث شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔مصری ذرائع ابلاغ کے مطابق بولاق الدکرور کے استغاثہ نے نوجوان کے موبائل فون کا معائنہ کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ اس کے مالی معاملات کا پتا لگایا جاسکے اور معلوم ہو کہ آن لائن جوئے میں اس نے کتنی رقم ضائع کی۔تحقیقاتی حکام نے واقعے میں کسی مجرمانہ پہلو کو مسترد کرنے کے لیے قریبی علاقوں میں نصب نگرانی کے کیمروں کی ریکارڈنگ بھی حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نوجوان کے اہل خانہ اور عینی شاہدین کو بھی طلب کیا گیا ہے تاکہ اس کی ذہنی حالت، مالی پریشانیوں اور موت سے پہلے پیش آنے والے واقعات کے بارے میں معلومات جمع کی جاسکیں۔پراسیکیوٹرز نے طبی معائنے کے بعد لاش کی تدفین کی اجازت دے دی ہے، جبکہ پولیس کو تحقیقات جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ نوجوان کے ضائع ہونے والی رقم کی درست مالیت تاحال معلوم نہیں ہوسکی اور واقعے کے اصل حالات کے بارے میں بھی کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔