بنوں اور لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 9 دہشتگرد ہلاک
پشاور ( اباسین خبر) خیبرپختونخوا کے 2 اضلاع بنوں اور لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس معلومات پر مبنی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 9 دہشتگرد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ کارروائیوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو بھی مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق بنوں میں درختوں کے درمیان چھپے ہوئے 3 دہشتگردوں کو کارروائی کے دوران ہلاک کردیا گیا، جبکہ ایک دہشتگرد زخمی ہوا۔اطلاعات کے مطابق علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کیا۔ اس دوران دہشتگردوں نے درختوں کے درمیان پناہ لے رکھی تھی، تاہم اہلکاروں نے ان کی موجودگی کا سراغ لگا کر انہیں نشانہ بنایا۔دوسری جانب لکی مروت کے علاقے وانڈہ فتح خان میں بھی سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 6 دہشتگرد مارے گئے۔ آپریشن کے بعد 2 دہشتگردوں کی لاشیں بھی برآمد ہوئیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق دونوں اضلاع میں کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کی نشاندہی کرکے انہیں مؤثر طریقے سے تباہ کیا گیا۔ یہ اقدامات ملک میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا حصہ ہیں۔سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک سے آخری دہشتگرد کے خاتمے اور مستقل امن کے قیام تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔