اسرائیلی فضائی حملہ، حماس کے داخلی سکیورٹی سربراہ شہید
غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں حماس کے داخلی سلامتی کے ادارے کے سربراہ نعیم ابو نہل شہید ہوگئے۔غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارت داخلہ کے مطابق نعیم ابو نہل کو غزہ شہر کے مغربی حصے میں فضائی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا۔50 سالہ نعیم ابو نہل کو رواں سال ستمبر میں اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔ ان کے پیش رو کو اسرائیلی فوج کے خصوصی دستوں نے ایک کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا تھا۔دوسری جانب فلسطینی امدادی کارکنوں اور طبی حکام نے غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں مزید 6 افراد کی شہادت کی اطلاع دی ہے۔حکام کے مطابق غزہ شہر کے جنوب میں وادی غزہ کے علاقے پر حملے میں 3 افراد شہید ہوئے، جن میں ایک نوجوان بھی شامل تھا۔ اسی طرح خان یونس کے مغرب میں واقع المواصی کے علاقے میں پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا، جہاں 3 افراد جان سے گئے۔ شہید ہونے والوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔غزہ پولیس نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کارروائیوں کا مقصد علاقے میں بدامنی اور افراتفری کو ہوا دینا ہے۔