خیبرپختونخوا حکومت نے ہیومن ریسورس مینجمنٹ کا نام تبدیل کردیا
پشاور (اباسین خبر) خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کرتے ہوئے ایک اہم محکمے کا نام تبدیل کرکے اسٹیبلشمنٹ رکھ دیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت نے انسانی وسائل کے انتظام سے متعلق محکمے کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں گورنر خیبرپختونخوا نے صوبائی حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت کے قواعدِ کار 1985 میں ترمیم کا اعلامیہ جاری کردیا۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری قواعد و ضوابط میں تبدیلی کرتے ہوئے ہیومن ریسورس مینجمنٹ اور اس سے منسلک عہدوں اور محکموں کے نام تبدیل کرکے اسٹیبلشمنٹ مقرر کردیے گئے ہیں۔ترمیم کے نفاذ کے بعد سرکاری امور کی انجام دہی اور انتظامی دستاویزات میں متعلقہ شعبے کے لیے اسٹیبلشمنٹ کی اصطلاح استعمال کی جائے گی۔صوبائی حکومت کا یہ اقدام سرکاری انتظامی قواعد میں ایک اہم تبدیلی قرار دیا جارہا ہے، تاہم نوٹیفکیشن میں ناموں کی تبدیلی کے علاوہ اختیارات یا دیگر انتظامی امور میں کسی ردوبدل کی وضاحت نہیں کی گئی۔