لاہور قلندرز نے سری لنکن آل راؤنڈر کمندو مینڈس کو مہنگے داموں خرید لیا
لاہور (اسپورٹس ڈیسک) لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12 ویں ایڈیشن کے لیے سری لنکا کے بین الاقوامی کرکٹر کمندو مینڈس کی خدمات 6 کروڑ 38 لاکھ روپے میں حاصل کرلی ہیں۔ انہیں براہ راست معاہدے کے تحت ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔کمندو مینڈس سری لنکا کی قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن کا اہم حصہ ہیں اور پی ایس ایل کے مکمل سیزن میں لاہور قلندرز کو دستیاب ہوں گے۔ یہ ان کی پاکستان سپر لیگ میں پہلی شرکت ہوگی۔ فرنچائز نے مڈل آرڈر بیٹنگ کو مزید مستحکم بنانے کے لیے انہیں اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔گزشتہ 12 ماہ کے دوران کمندو مینڈس نے اپنی شاندار کارکردگی سے خاصی توجہ حاصل کی ہے، اس عرصے میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 153.9 رہا۔ وہ بنیادی طور پر مڈل آرڈر بلے باز ہیں، تاہم ان کی ایک اضافی خوبی انہیں دیگر کھلاڑیوں سے ممتاز کرتی ہے۔ وہ دائیں اور بائیں دونوں ہاتھوں سے فنگر اسپن بولنگ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔لاہور قلندرز میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کمندو مینڈس نے کہا کہ قلندرز خاندان کا حصہ بننا ان کے لیے باعث مسرت ہے۔ یہ ایک بہترین موقع ہے اور وہ ٹیم کے ساتھ وقت گزارنے کے علاوہ کامیاب سیزن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پُرجوش ہیں۔فرنچائز کے مالک اور ڈائریکٹر کرکٹ ثمین رانا کا کہنا تھا کہ کمندو مینڈس کی آمد ٹیم کے لیے ایک بہترین اضافہ ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی شمولیت سے اسکواڈ کی صلاحیت اور توازن میں مزید بہتری آئے گی۔ ٹیم انتظامیہ انہیں اپنے خاندان میں خوش آمدید کہنے اور پورے سیزن کے دوران ان کی کارکردگی دیکھنے کی منتظر ہے۔