فیفا کی عالمی فٹبال قانون کانفرنس 2027ء میں دبئی میں منعقد ہوگی

فیفا کی عالمی فٹبال قانون کانفرنس 2027ء میں دبئی میں منعقد ہوگی

Nov 25, 2026|ویب ڈیسک

دبئی ( سپورٹس ڈیسک) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے اعلان کیا ہے کہ سالانہ عالمی فٹبال قانون کانفرنس 2027ء کا انعقاد 18 اور 19 فروری کو دبئی میں کیا جائے گا۔اس بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد ایشین فٹبال کنفیڈریشن اور متحدہ عرب امارات فٹبال ایسوسی ایشن مشترکہ طور پر کریں گے۔ اس میزبانی سے دبئی کی عالمی سطح پر فٹبال سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کے مرکز کی حیثیت مزید مستحکم ہوگی۔کانفرنس میں فٹبال کے قانونی، انتظامی اور ضابطہ جاتی معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔ زیرِ بحث موضوعات میں فیفا کے فٹبال ایجنٹس سے متعلق قوانین، فیفا کلیئرنگ ہاؤس، بین الاقوامی کھلاڑیوں کی منتقلی کے سرٹیفکیٹس، کھلاڑیوں کی حیثیت اور منتقلی کے ضوابط، عالمی انسدادِ منشیات قوانین اور کھیلوں کی ثالثی عدالت کے قانونی فیصلے شامل ہیں۔متحدہ عرب امارات فٹبال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل محمد عبداللہ الظاہری نے کہا کہ اس اہم کانفرنس کی میزبانی عالمی فٹبال اداروں کے متحدہ عرب امارات کی صلاحیتوں اور بڑے بین الاقوامی کھیلوں کے اجتماعات منعقد کرنے کی اہلیت پر اعتماد کا ثبوت ہے۔ ان کے مطابق یہ پیش رفت علاقائی، براعظمی اور عالمی سطح کے فٹبال مقابلوں اور تقریبات کی میزبانی کے حوالے سے امارات کے سابقہ تجربات کا تسلسل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شیخ حمدان بن مبارک النہیان کی قیادت میں متحدہ عرب امارات فٹبال ایسوسی ایشن ایسے عالمی اجتماعات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔ ان کانفرنسوں کے ذریعے فیصلہ سازوں اور ماہرین کو ایک دوسرے سے رابطے، تجربات کے تبادلے اور کھیل کے مختلف شعبوں میں بہتری کے لیے تجاویز پر غور کرنے کا موقع ملتا ہے۔