اسٹاک ایکسچینج میں ملا جلا رجحان، 91 پوائنٹس تیزی

اسٹاک ایکسچینج میں ملا جلا رجحان، 91 پوائنٹس تیزی

Nov 24, 2026|ویب ڈیسک

کراچی ( کامرس ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروبار کا ملا جلا دن رہا، جہاں سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کے حصول کے باعث دن کے دوران ہونے والا بیشتر اضافہ ضائع ہو گیا، تاہم اختتامی لمحات میں معمولی بحالی کے نتیجے میں 100 انڈیکس مثبت زون میں بند ہونے میں کامیاب رہا۔تفصیلات کے مطابق کاروباری روز کے آغاز پر مارکیٹ میں خریداری کا رجحان غالب رہا جس کے باعث انڈیکس میں تیزی دیکھی گئی اور دوپہر کے اوقات میں کے ایس ای 100 انڈیکس 178,746.44 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک جا پہنچا۔ تاہم سہ پہر کے وقت فروخت کا دباؤ بڑھنے اور آخری لمحات میں مندی کے باعث انڈیکس 177,357.46 پوائنٹس کی نچلی سطح تک گر گیا، لیکن اختتام سے قبل معمولی بحالی نے مارکیٹ کو سہارا دیا اور 100 انڈیکس 91.28 پوائنٹس یا 0.05 فیصد اضافے کے ساتھ 177,473 پوائنٹس پر بند ہوا۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق سرمایہ کاروں کی توجہ ملکی سیاسی صورتحال پر مرکوز رہنے کے باعث کاروباری حجم 3 نومبر کے بعد کم ترین سطح پر رہا۔ حصص بازار میں مجموعی طور پر 55 کروڑ شیئرز کے سودے ساڑھے 22 ارب روپے میں طے پائے، جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 6 ارب روپے کی کمی کے بعد 19 ہزار 254 ارب روپے پر آ گئی۔ کاروباری روز کے دوران مجموعی طور پر 496 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا، جن میں سے 199 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ اور 270 کمپنیوں کے حصص کی قدروں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔