معاشرے کے دوہرے معیار پر ثانیہ سعید کی کھری باتیں

معاشرے کے دوہرے معیار پر ثانیہ سعید کی کھری باتیں

Nov 24, 2026|ویب ڈیسک

کراچی ( شو بز ڈیسک)پاکستان کی سینئر اداکارہ ثانیہ سعید نے معاشرے میں مردوں اور خواتین کے لیے قائم دوہرے پیمانوں پر اہم سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ جن خوبیوں کو مردوں میں غیر معمولی قرار دے کر سراہا جاتا ہے، وہی خوبیاں اگر خواتین میں پائی جائیں تو اکثر انہیں نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ثانیہ سعید نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ اگر کسی مرد کو فرشتہ قرار دے دیا جائے تو اس کے معمول کے اچھے رویے کو عام اور فطری بنانے کا مقصد ہی ختم ہو جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایسی متعدد خواتین کو جانتی ہیں جن میں یہی خوبیاں موجود ہیں، تاہم انہیں اس سطح کی پذیرائی نہیں مل سکی۔ اداکارہ نے سینئر اداکارہ ثمینہ احمد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک غیر معمولی اور قابلِ تعریف شخصیت ہیں۔اداکارہ کے مطابق معاشرہ خواتین کو خیال رکھنے والی، بے لوث اور دوسروں کے جذبات کا احساس کرنے والی شخصیت کے طور پر دیکھنے کا عادی ہو چکا ہے، جس کے باعث ان کی ان خوبیوں کو عموماً نظر انداز کر دیا جاتا ہے، جبکہ کسی مرد کے اسی طرح کے رویے کو فوراً غیر معمولی مان کر سراہا جاتا ہے۔ثانیہ سعید نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گھریلو اور خاندانی ماحول بچوں کی شخصیت سازی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے اور والدین کی تربیت کا اصل اثر زبانی نصیحتوں کے بجائے روزمرہ کے عملی رویوں سے زیادہ نمایاں ہوتا ہے۔انہوں نے اس رویے پر بھی تنقید کی کہ خواتین کو محض اس وجہ سے برا قرار دے دیا جاتا ہے کہ وہ غلطیاں کرتی ہیں یا ایسے فیصلے لیتی ہیں جو معاشرتی توقعات سے ہم آہنگ نہیں ہوتے۔ اداکارہ نے سوال اٹھایا کہ معاشرتی تنقید کے دباؤ کے باعث خواتین اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ کامیابیوں کے باوجود اپنی صلاحیتوں اور اہمیت پر شک کرنے لگتی ہیں۔ثانیہ سعید نے اس تاثر کو بھی تشویش ناک قرار دیا کہ مرد کے مقابلے میں عورت جلدی بوڑھی ہو جاتی ہے۔ ان کے مطابق ٹی وی ڈراموں میں خواتین کے فیصلوں اور انتخاب کو اس انداز میں پیش کرنے کا رجحان ختم ہونا چاہیے کہ انہیں محبت اور معاشرتی قبولیت پانے کے لیے بالآخر اپنے فیصلوں پر پچھتانا ہی پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ذہین اور خود اعتماد خواتین سے بھی غلطیاں ہو سکتی ہیں، اس لیے انہیں اپنے فیصلوں سے سیکھنے، آگے بڑھنے اور حمایت حاصل کرنے کا مکمل حق ملنا چاہیے، محض ان کے انتخاب کی بنیاد پر انہیں پرکھنا درست نہیں۔