پاکستانی نیٹ فلکس سیریز کا ٹریلر جاری، مداحوں میں مقبول
کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا باضابطہ ٹریلر منظر عام پر آگیا، جسے پاکستان اور بھارت کے ناظرین کی جانب سے خاصی پسندیدگی حاصل ہو رہی ہے۔محبت، بے وفائی اور دھوکے کے گرد گھومتی اس کہانی میں پاکستانی شوبز کے معروف فنکار نئے اور منفرد روپ میں دکھائی دیے ہیں۔ ٹریلر میں فواد خان اور صنم سعید کے درمیان محبت کی جھلک نمایاں ہے، جبکہ ماہرہ خان ایک جرأت مندانہ کردار میں دکھائی دے رہی ہیں۔ڈرامہ ’من مائل‘ کی مقبول جوڑی مایا علی اور حمزہ علی عباسی ایک مرتبہ پھر ایک ساتھ اداکاری کرتی نظر آئے گی۔ دوسری جانب ہانیہ عامر منفی کردار میں جلوہ گر ہوں گی، جبکہ اقرا عزیز اور احد رضا میر مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے۔ٹریلر سامنے آنے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر صارفین کی جانب سے سیریز کے فنکاروں، کہانی اور تیاری کے معیار کو سراہا جا رہا ہے۔معروف ناول نگار فرحت اشتیاق کی تحریر پر مبنی اس سیریز کی ہدایت کاری مومنہ درید نے کی ہے۔ یہ سیریز 4 دسمبر کو نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی۔