بی ٹی ایس کے وی کو بھارتی فلم آر آر آر کا گانا ناٹو ناٹو یاد
ممبئی( شوبز ڈیسک) جنوبی کوریا کے معروف میوزک گروپ بی ٹی ایس کے رکن کم تائی ہیونگ، جنہیں مداح وی (V) کے نام سے پہچانتے ہیں، نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھارتی فلم ’آر آر آر‘ کے آسکر ایوارڈ یافتہ گانے ’ناٹو ناٹو‘ کی رقص کی مکمل ترتیب یاد ہے۔ان کے اس اعتراف پر بھارتی مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا، جبکہ فلم کی ٹیم نے بھی گلوکار کی جانب سے فلم اور اس کے مقبول گانے کو پسند کیے جانے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔وی نے پیر کے روز ویورس پر بھارتی مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی سنیما میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ ایک مداح نے ان سے سوال کیا کہ کیا وہ بھارتی فلمیں دیکھتے ہیں؟ اس پر گلوکار نے بتایا کہ وہ متعدد بھارتی فلمیں دیکھ چکے ہیں اور انہیں بالخصوص فلموں میں دکھائے جانے والے رقص کے مناظر پسند ہیں۔اپنی پسندیدہ بھارتی فلم کے بارے میں پوچھے جانے پر وی نے کہا کہ کسی ایک فلم کا نام لینا مشکل ہے، تاہم انہیں ’تھری ایڈیٹس‘ اور ’دنگل‘ بہت پسند ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فلم ’آر آر آر‘ کے گانے ’ناٹو ناٹو‘ کی رقص کی پوری ترتیب انہیں یاد ہوچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی کئی دوسری فلمیں بھی ہیں جو انہیں پسند ہیں، لیکن اس وقت ان کے نام ذہن میں نہیں آرہے۔وی کے اس انکشاف پر مداحوں نے اس لیے بھی خصوصی خوشی کا اظہار کیا کہ بی ٹی ایس کے ایک اور رکن جونگ کوک بھی پہلے اس گانے سے اپنی پسندیدگی ظاہر کرچکے ہیں۔ 2023 میں ویورس پر براہِ راست گفتگو کے دوران جونگ کوک نے مداحوں کے ساتھ موسیقی شیئر کرتے ہوئے ’ناٹو ناٹو‘ بھی چلایا تھا۔ اس موقع پر وہ گانے کے بولوں پر لب ہلاتے ہوئے دکھائی دیے تھے، جبکہ ایک اور براہِ راست سیشن میں انہوں نے اس کی دھن بھی گنگنائی تھی۔