پاکستانی نیٹ فلکس سیریز کی ٹریلر اور موسیقی کی تقریب رونمائی
کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کے ٹریلر اور موسیقی کی تقریب رونمائی کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں فلم اور ٹیلی وژن کی متعدد نامور شخصیات نے شرکت کرکے تقریب کو یادگار بنا دیا۔اس موقع پر فواد خان، ہانیہ عامر، اقرا عزیز، احد رضا میر، حمزہ علی عباسی، مایا علی، صنم سعید، خوشحال خان، نادیہ خان، احمد علی اکبر، مومنہ درید اور سلطانہ صدیقی سمیت شوبز کی کئی معروف شخصیات موجود تھیں۔ تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر تیزی سے گردش کرنے لگیں۔نیٹ فلکس اور ہم ٹی وی کے مشترکہ تعاون سے تیار کی جانے والی یہ سیریز معروف ناول نگار فرحت اشتیاق کے اسی عنوان سے تحریر کردہ ناول پر مبنی ہے۔ یہ ناول پہلی مرتبہ 2009 میں خواتین ڈائجسٹ میں شائع ہوا تھا، بعدازاں 2013 میں اسے کتابی صورت میں پیش کیا گیا۔ سیریز کی ہدایت کاری اور تیاری کے فرائض مومنہ درید نے انجام دیے ہیں۔سیریز کے کردار اور فنکاراس ڈرامائی پیشکش میں پاکستانی شوبز کے صف اول کے متعدد فنکار ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔ کہانی میں تین نسلوں کی زندگیوں اور ان کے باہمی تعلقات کو موضوع بنایا گیا ہے۔احد رضا میر سکندر شہریار اور اقرا عزیز لیزا کے مرکزی کردار ادا کریں گی، جبکہ فواد خان محمود، ماہرہ خان راحت، ہانیہ عامر سیم، حمزہ علی عباسی شہریار، مایا علی آمنہ، بلال اشرف وقار، صنم سعید وٹوریا، احمد علی اکبر جہانزیب اور خوشحال خان زین کے روپ میں دکھائی دیں گے۔دیگر اداکاروں میں آمنہ شیخ، نادیہ خان، نادیہ جمیل، عمیر رانا اور سامعہ ممتاز بھی شامل ہیں، جو اس بڑے فنکارانہ اجتماع کا حصہ ہوں گے۔