بھارتی گلوکارہ تلسی کمار پر پاکستانی لوک گیت کی نقل کا الزام
کراچی (شوبز ڈیسک) بھارتی گلوکارہ تلسی کمار کا نیا گیت ریلیز ہوتے ہی تنازع کا شکار ہوگیا ہے، جسے پاکستان کے معروف پنجابی لوک گیت ’سمی میری وار‘ کی نقل قرار دیا جا رہا ہے۔ اس معاملے نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔’سمی میری وار‘ ایک قدیم پاکستانی پنجابی لوک گیت ہے، جسے مختلف گلوکار اپنے اپنے انداز میں پیش کر چکے ہیں۔ تاہم نئی نسل میں اس گیت کو گلوکارہ قرۃ العین بلوچ اور گلوکار عمیر جسوال کی آواز میں کوک اسٹوڈیو پاکستان کے ذریعے غیر معمولی شہرت حاصل ہوئی تھی۔ تقریباً ایک دہائی قبل ریلیز ہونے کے باوجود یہ گیت آج بھی موسیقی کے شائقین میں مقبول ہے۔حال ہی میں بھارتی گلوکارہ تلسی کمار کی آواز میں ایک نیا گیت بھارتی موسیقی کمپنی ٹی سیریز کے تحت جاری کیا گیا ہے، جس کے بارے میں سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ اس کی دھن پاکستانی لوک گیت ’سمی میری وار‘ سے مشابہت رکھتی ہے۔بھارتی گلوکارہ کے نئے گیت اور پاکستانی لوک گیت کے درمیان مماثلت پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں، جبکہ اس حوالے سے بحث کا سلسلہ بھی جاری ہے۔