ارجن کپور اور صاحبہ بالی کی نئی تصویر نے افواہیں بڑھادیں
ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکار ارجن کپور اور اداکارہ و سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر مقبول صاحبہ بالی کی ایک ساتھ نئی تصویر سامنے آنے کے بعد دونوں کے درمیان قریبی تعلقات سے متعلق افواہیں ایک بار پھر گردش کرنے لگی ہیں۔صاحبہ بالی نے سکھوں کے مذہبی تہوار گروپورب کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ارجن کپور کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کی، جس میں دونوں نے اپنے سر ڈھانپ رکھے تھے۔ اداکارہ نے تصویر کے ساتھ مزاحیہ انداز میں لکھا کہ انہوں نے ارجن کپور کے حصے کا پرساد بھی کھا لیا۔دونوں فنکاروں کے درمیان قربتوں کی خبریں جون 2025ء میں اس وقت سامنے آئی تھیں جب صاحبہ بالی نے ارجن کپور کی سالگرہ پر انہیں اپنا بہترین دوست قرار دیا تھا۔ بعد ازاں دونوں کو لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ میچ دیکھتے ہوئے بھی ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔صاحبہ بالی ماضی میں اپنے اور ارجن کپور کے تعلقات سے متعلق قیاس آرائیوں پر طنزیہ انداز میں ردعمل دے چکی ہیں، تاہم ارجن کپور نے اب تک ان خبروں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔