معمر رانا کی بیٹی ریا رانا رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں

معمر رانا کی بیٹی ریا رانا رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں

Nov 25, 2026|ویب ڈیسک

کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستانی فلموں کے نامور اداکار معمر رانا کی صاحبزادی ریا رانا نے علی زاہد کے ساتھ نکاح کرلیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی شادی کی تصاویر جاری کیں، جنہیں مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔تصاویر میں نکاح کی تقریب سادگی اور خوبصورتی کا امتزاج دکھائی دیتی ہے۔ اس موقع پر دونوں خاندانوں کے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی اور نئے جوڑے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے خوشگوار ازدواجی زندگی کے لیے دعائیں دیں۔ریا رانا نے تقریب کے لیے سفید ریشمی شرارہ اور نفیس کڑھائی والی مختصر قمیض زیب تن کی، جب کہ ہلکے میک اپ نے ان کی خوبصورتی کو مزید نمایاں کیا۔ دوسری جانب علی زاہد سفید کرتا شلوار کے ساتھ بادامی رنگ کی شال پہنے دکھائی دیے۔ دونوں کے لباس میں رنگوں کی یکسانیت بھی تقریب کا نمایاں پہلو رہی۔تقریب میں اداکارہ نادیہ جمیل نے بھی شرکت کی، جو ریا کی والدہ مہناز کی قریبی ساتھی ہیں۔ انہوں نے نوبیاہتا جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ریا کی بہن رانیہ اور دیگر اہل خانہ نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر مبارکباد کے پیغامات اور دعاؤں کے ذریعے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ رانیہ نے علی زاہد کو ہمیشہ کے لیے اپنا بھائی قرار دیتے ہوئے ان کے لیے خوشگوار زندگی کی دعا کی۔اداکارہ شگفتہ اعجاز، لائبہ خرم، ہمایل اور ہیرا بلیہ سمیت شوبز کی دیگر معروف شخصیات نے بھی ریا رانا اور علی زاہد کو نئی زندگی کے آغاز پر مبارکباد دی۔یاد رہے کہ ریا رانا نے اس سے قبل 3 جنوری 2022 کو ایک شاندار تقریب کے دوران اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا، جس میں اہل خانہ اور قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔