جھینگا فارمنگ کے فروغ کیلئے جامع سفارشات حتمی مرحلے میں

جھینگا فارمنگ کے فروغ کیلئے جامع سفارشات حتمی مرحلے میں

Nov 24, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد ( کامرس ڈیسک)ملک میں جھینگا فارمنگ کے شعبے کو ترقی دینے اور برآمدات میں اضافے کے لیے سفارشات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اس شعبے کے فروغ کے لیے جامع روڈ میپ تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ویلیو چین کو مضبوط بنانے، پیداوار بڑھانے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ٹھوس تجاویز مرتب کی جا رہی ہیں۔وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار آبی جھینگا (ایکوا شرمپ) کے لیے کراپ کلسٹر ویلیو چین سے متعلق ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس کا مقصد وفاقی و صوبائی حکومتوں، صنعت اور متعلقہ فریقین کی مشترکہ کاوشوں سے اس شعبے کو فروغ دینا ہے۔ جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ وزیر اعظم کی جانب سے قائم کردہ یہ کمیٹی پوری ویلیو چین میں درپیش مسائل کے حل اور دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے جامع حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ذیلی کمیٹی نے ترقی کے لیے 14 ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کرتے ہوئے دو اجلاس منعقد کیے، جس کے بعد قابلِ عمل سفارشات تیار کرنے کے لیے سات ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے۔ ان کے مطابق تمام ورکنگ گروپس نے صوبائی حکومتوں، صنعتی نمائندوں اور وفاقی اداروں کے ساتھ اپنے اجلاس مکمل کر لیے ہیں۔وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ تمام گروپس کی سفارشات کو یکجا کر کے ایک جامع رپورٹ مرتب کی جا رہی ہے، جس میں پاکستان میں جھینگا فارمنگ کی موجودہ صورتحال، استعداد، چیلنجز اور مواقع کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ رپورٹ میں مجوزہ اقدامات پر عملدرآمد کے لیے وفاقی و صوبائی اداروں اور نجی شعبے کی ذمہ داریوں کے تعین کے ساتھ ساتھ قلیل، وسط اور طویل مدتی اہداف، درکار وسائل، سرمایہ کاری کی ضروریات اور نگرانی کا مؤثر طریقہ کار بھی وضع کیا جائے گا۔جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ سفارشات کو یکساں فارمیٹ میں مرتب کیا جا رہا ہے تاکہ اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور جواب دہی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یکجا کی گئی رپورٹ ان کے جائزے اور ترجیحات کے تعین کے بعد حتمی منظوری کے لیے وزیر اعظم کو پیش کی جائے گی۔