دورۂ بھارت پر آسٹریلوی ٹیم کو عرفان پٹھان کا انتباہ

دورۂ بھارت پر آسٹریلوی ٹیم کو عرفان پٹھان کا انتباہ

Nov 24, 2026|ویب ڈیسک

نئی دہلی ( سپورٹس ڈیسک) بھارت کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ بارڈر گواسکر ٹرافی 2027ء کے سلسلے میں بھارت آنے پر مہمان کھلاڑیوں کو بدنامِ زمانہ ’سینڈ پیپر گیٹ‘ اسکینڈل سے متعلق سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔عرفان پٹھان نے حال ہی میں ایک خصوصی پروگرام ’سینڈ پیپر گیٹ: دی اَن سیٹلڈ ڈیبیٹ‘ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بال ٹیمپرنگ کا پرانا معاملہ ایک بار پھر منظرِ عام پر آنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کی بھارت آمد پر خاصی گرما گرم بحث متوقع ہے۔سابق بھارتی آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ 2018ء کے اس واقعے میں شامل نہ ہونے والے نوجوان آسٹریلوی کرکٹرز کو بھی اس تنازع سے جڑے سوالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جو یقیناً ان کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ انہوں نے آسٹریلوی ٹیم کو مشورہ دیا کہ وہ ماضی کے اس پرانے تنازع پر بار بار وضاحتیں دینے کے بجائے خاموشی اختیار کرے اور اپنی تمام تر توجہ صرف کرکٹ پر مرکوز رکھے۔ ان کے بقول اگر کھلاڑی آٹھ سال پرانے واقعے کی تفصیلات پر مسلسل بات کرتے رہے تو اس سے خود ان کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوگا۔عرفان پٹھان نے مزید کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا اگر اب اس معاملے کی دوبارہ تحقیقات بھی کروا لے تو اس سے شائقین اور ناقدین کے ذہنوں میں موجود سوالات مکمل طور پر ختم نہیں ہوں گے، بلکہ یہ معاملہ آئندہ دس، بیس یا تیس سال تک زیرِ بحث رہ سکتا ہے۔ انہوں نے سابق آسٹریلوی نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وارنر کو اپنے مؤقف کا اظہار اسی وقت کرنا چاہیے تھا جب 2018ء میں یہ واقعہ پیش آیا تھا اور ان پر پابندی عائد کی گئی تھی۔واضح رہے کہ 2018ء میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ کے دوران آسٹریلوی بلے باز کیمرون بینکرافٹ گیند کی ساخت تبدیل کرنے کے لیے سینڈ پیپر (ریگ مال) استعمال کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تھے۔ اس عالمی اسکینڈل کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر ایک، ایک سال جبکہ کیمرون بینکرافٹ پر نو ماہ کی پابندی عائد کی تھی۔