ایس آئی ایف سی کا کردار، پاک جنوبی افریقا تجارت میں فروغ

ایس آئی ایف سی کا کردار، پاک جنوبی افریقا تجارت میں فروغ

Nov 24, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد ( کامرس ڈیسک)خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر معاونت اور سہولت کاری کے نتیجے میں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان معاشی و تجارتی تعاون کے نئے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا کے پروگریسو بزنس فورم کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستانی ہائی کمشنر کے ہمراہ اسلام آباد میں ایس آئی ایف سی کا دورہ کیا۔ وفد نے گروپ چیئرپرسن ڈاکٹر گوین راموکوپا کی قیادت میں ایس آئی ایف سی کے حکام سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری روابط کی مضبوطی اور باہمی مفاد کے نئے مواقع سے استفادہ کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے تحقیق و ترقی، تکنیکی مہارت کے تبادلے، سرمایہ کاری اور صنعتی شراکت داری کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔واضح رہے کہ ایس آئی ایف سی حکومت کی ’لُک افریقہ پالیسی‘ کے تحت افریقی ممالک کے ساتھ معاشی روابط استوار کرنے، ملکی برآمدات بڑھانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کلیدی اور فعال کردار ادا کر رہی ہے۔