فلم ’کوئی مل گیا‘ کے چائلڈ اسٹار رشتہ ازدواج میں منسلک
ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی وڈ کی معروف سائنس فکشن فلم ’کوئی مل گیا‘ میں یادگار کردار ’بٹو سردار‘ نبھانے والے چائلڈ اداکار انوج پنڈت شرما شادی کے بندھن میں بندھ گئے، جن کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انوج پنڈت شرما نے اپنی دیرینہ دوست پربھجوت کے ساتھ نئی زندگی کا آغاز کیا ہے۔ اداکار کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شادی کی چند تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق دلہن پربھجوت صحت اور تندرستی (ہیلتھ اینڈ ویلنس) سے متعلق ایک ویب سائٹ کی بانی ہیں اور فٹنس کے شعبے میں بھی متحرک کردار ادا کر رہی ہیں۔واضح رہے کہ انوج پنڈت شرما نے 2003 میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ سپر اسٹار ہریتھک روشن کی بلاک بسٹر فلم ’کوئی مل گیا‘ میں بطور چائلڈ آرٹسٹ غیر معمولی شہرت اور پذیرائی حاصل کی تھی۔ اس کے علاوہ وہ ’سلام انڈیا‘، ’چھٹنکی‘ اور ’ٹوٹل سیاپا‘ سمیت متعدد فلموں اور ٹیلی ویژن شوز میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔