عائزہ خان کے ساتھ اسکرین پر واپسی، دانش تیمور کا انکشاف
کراچی ( شو بز ڈیسک)پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار دانش تیمور نے اپنی اہلیہ اور نامور اداکارہ عائزہ خان کی عوامی تقریبات میں عدم شرکت اور دونوں کے ایک ساتھ اسکرین پر نظر نہ آنے کی اصل وجہ بتا دی ہے۔حال ہی میں دانش تیمور نے امریکی شہر ہیوسٹن میں منعقدہ ایک فلاحی (فنڈ ریزنگ) تقریب میں شرکت کی، جہاں تقریب کے میزبان نے ان سے عائزہ خان کے ہمراہ کسی نئے ڈرامے میں جلوہ گر ہونے سے متعلق سوال کیا۔ اس کے جواب میں دانش تیمور نے واضح کیا کہ وہ دونوں کسی بہترین اور معیاری اسکرپٹ کے منتظر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محض حقیقی زندگی میں میاں بیوی ہونے کی بنیاد پر کسی ڈرامے میں ایک ساتھ کام کرنا کافی نہیں ہوتا، بلکہ ناظرین کی دلچسپی کے لیے کہانی کا مضبوط ہونا بھی نہایت ضروری ہے۔اداکار نے مداحوں کی تشویش دور کرتے ہوئے مزید کہا کہ الحمدللہ ہم دونوں اب بھی ساتھ ہیں، تاہم عائزہ خان ان دنوں اپنی آنے والی نئی فلم کی شوٹنگ میں بے حد مصروف ہیں، جس کے باعث وہ تقریبات میں شریک نہیں ہو پا رہیں۔دوسری جانب دانش تیمور کی اس واضح وضاحت کے باوجود سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف چہ مگوئیاں اور تبصرے جاری ہیں۔ بعض صارفین کا سوال ہے کہ اگر دونوں میں سب ٹھیک ہے تو وہ نجی و عوامی تقریبات میں ایک ساتھ دکھائی کیوں نہیں دیتے؟ جبکہ مداحوں کی بڑی تعداد نے دانش تیمور کے اس بیان پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام دیا ہے۔