ادویات ڈی ریگولیشن سے قیمتوں میں اضافے کی رفتار گھٹی
اسلام آباد ( کامرس ڈیسک)مسابقتی کمیشن کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ادویات کی قیمتوں کو سرکاری کنٹرول سے آزاد کرنے کے بعد قیمتوں میں سالانہ اضافے کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے، جبکہ دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے قیمتیں بڑھانے کے لیے مبینہ ملی بھگت کے کوئی شواہد بھی سامنے نہیں آئے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کی ہدایت پر مسابقتی کمیشن نے 822 ادویات کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ رپورٹ کے مطابق ادویات کی قیمتوں میں سالانہ اضافے کی درمیانی شرح 14.3 فیصد سے کم ہو کر 5.2 فیصد پر آ گئی، تاہم 2023ء سے 2026ء کے دوران مجموعی طور پر 85.6 فیصد ادویات مہنگی ہوئیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 257 ادویات کی قیمتوں میں 50 فیصد سے زائد جبکہ 63 ادویات کی قیمتوں میں 100 فیصد سے بھی زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم تین برس کے دوران ادویات کی قیمتوں میں مجموعی درمیانی اضافہ 33.9 فیصد رہا، جو اسی مدت کے دوران عمومی مہنگائی کی شرح سے کم ہے۔ ادویات کی مختلف اقسام کے حوالے سے رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ آنکھوں کے امراض کی ادویات 99.3 فیصد، جلدی امراض کی ادویات 77.9 فیصد اور ملٹی وٹامنز و منرلز 64.8 فیصد مہنگی ہوئیں، جبکہ ذیابیطس اور ہارمونز سے متعلق ادویات کی قیمتوں میں 23.6 فیصد اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 85 فیصد ادویات مقامی سطح پر تیار کی جاتی ہیں، لیکن ان کی تیاری میں استعمال ہونے والا 95 فیصد خام مال بیرونِ ملک سے درآمد کیا جاتا ہے۔مسابقتی کمیشن نے ادویات کی قیمتوں پر دوبارہ سرکاری کنٹرول نافذ کرنے کے بجائے مؤثر نگرانی کا نظام اپنانے کی سفارش کی ہے۔ کمیشن نے تجویز دی ہے کہ دوا ساز کمپنیوں کو قیمتوں میں ہر اضافے سے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو آگاہ کرنے کا پابند بنایا جائے۔ رپورٹ میں یہ سفارش بھی کی گئی ہے کہ مہنگائی کی شرح سے غیر معمولی حد تک زیادہ قیمتیں بڑھانے والی کمپنیوں سے وضاحت طلب کی جائے، جبکہ جن ادویات کے متبادل محدود ہیں، ان کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کی تحقیقات کی جانی چاہئیں۔