لکی مروت میں پولیس مقابلہ، خودکش بمبار سمیت 2 دہشت گرد ہلاک
لکی مروت ( اباسین خبر) لکی مروت کے علاقے گنڈی چوک میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خودکش بمبار سمیت 2 خوارج کو ہلاک کر دیا، جبکہ ان کا ایک ساتھی زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس حکام کے مطابق مشکوک گاڑی میں سوار مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی، جس پر اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔کار کی تلاشی کے دوران اسلحہ، تحریک طالبان کا جھنڈا، خواتین کے برقعے اور دیگر مشکوک اشیاء برآمد ہوئیں۔ پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گرد علاقے میں بڑی تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم ان کے عزائم سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔واقعے کے بعد پولیس اور سی ٹی ڈی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔ ہلاک افراد کی لاشیں تحویل میں لے کر شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سرگرم پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔