پی سی بی میں ہر عہدیدار کو مکمل اختیارات حاصل ہیں: یاسر عرفات

پی سی بی میں ہر عہدیدار کو مکمل اختیارات حاصل ہیں: یاسر عرفات

Nov 4, 2026|ویب ڈیسک

لاہور ( سپورٹس ڈیسک) سابق ٹیسٹ کرکٹر اور آل راؤنڈر یاسر عرفات نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ہر فرد کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے مکمل اختیار دے رکھا ہے، جبکہ ملک میں کرکٹ گراؤنڈز کی بہتری کے لیے بھی نمایاں اقدامات کیے جا رہے ہیں۔یاسر عرفات نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے انہیں اکیڈمی کے انتظامی امور، جاری سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔سابق آل راؤنڈر نے اکیڈمی میں ہونے والی تبدیلیوں اور ترقیاتی کاموں کو سراہتے ہوئے پی سی بی کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے کرکٹ کی ترقی کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کو ساتھ لے کر چلنے اور بھرپور تعاون فراہم کرنے کی پالیسی کی بھی تعریف کی۔یاسر عرفات نے ملک بھر میں پی سی بی کے ہائی پرفارمنس پروگرام سے وابستہ کوچز کی کارکردگی اور تربیتی طریقہ کار میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔اس موقع پر عاقب جاوید نے بتایا کہ ہائی پرفارمنس کوچز کے تربیتی انداز اور طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا ہے، جبکہ نچلی سطح پر کام کرنے والے کوچز کی سرگرمیوں اور کارکردگی کا ریکارڈ پی سی بی کے کھلاڑیوں کے انتظامی نظام میں دستیاب ہے۔انہوں نے کہا کہ کوچنگ کا معیار بہتر بنانے کے لیے تیسرے درجے کے تمام کوچز کی مزید تربیت کے کورسز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔یاسر عرفات نے کرکٹ گراؤنڈز کی بہتری کے منصوبوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی سی بی نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد جیسے میدانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ترقی دے رہا ہے۔انہوں نے ایل سی سی اے گراؤنڈ کا دورہ بھی کیا اور اسے جدید سہولتوں سے آراستہ اعلیٰ معیار کے کرکٹ مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے پی سی بی کی کوششوں کو سراہا۔