ویرات کوہلی ون ڈے میں نمبر 3 پر 13 ہزار رنز بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے
لاہور ( سپورٹس ڈیسک) بھارتی اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔37 سالہ کوہلی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 13 ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے گئے سیریز کے افتتاحی مقابلے میں یہ سنگ میل اپنی اننگز کی 13ویں گیند پر عبور کیا، اس کے لیے انہیں صرف 12 رنز درکار تھے۔ویرات کوہلی نے یہ کارنامہ محض 251 اننگز میں انجام دیا۔ اس پوزیشن پر ان کی بیٹنگ اوسط 61.55 ہے، جبکہ وہ 48 سنچریاں اور تقریباً 70 نصف سنچریاں بھی بنا چکے ہیں۔اس فہرست میں سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ 12 ہزار 662 رنز کے ساتھ دوسرے، سری لنکا کے کمار سنگاکارا 9 ہزار 747 رنز کے ساتھ تیسرے، جنوبی افریقا کے جیک کیلس 7 ہزار 774 رنز کے ساتھ چوتھے اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن 6 ہزار 504 رنز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔کوہلی کے بعد فہرست میں شامل بیشتر نمایاں کھلاڑی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں، جبکہ موجودہ کرکٹرز ان سے کافی پیچھے ہیں۔ پاکستان کے بابر اعظم 6 ہزار 54 اور انگلینڈ کے جو روٹ 5 ہزار 525 رنز کے ساتھ اس فہرست میں موجود ہیں۔دوسری جانب کوہلی کی 2026 میں بھی کارکردگی متاثر کن رہی ہے۔ نیوزی لینڈ سیریز سے قبل وہ 9 اننگز میں 552 رنز بنا چکے تھے، جن میں 2 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں شامل تھیں۔