محمد عامر افغانستان پریمیئر لیگ میں پلاٹینم کیٹیگری میں شامل

محمد عامر افغانستان پریمیئر لیگ میں پلاٹینم کیٹیگری میں شامل

Nov 4, 2026|ویب ڈیسک

لاہور ( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر کو افغانستان پریمیئر لیگ کی پلاٹینم کیٹیگری میں قندھار واریئرز نے اپنی ٹیم کا حصہ بنا لیا۔افغانستان پریمیئر لیگ کا انعقاد رواں سال کے آخر میں ہوگا، جس کے لیے کھلاڑیوں کا ڈرافٹ منعقد کیا گیا۔ محمد عامر نے برطانوی شہری کی حیثیت سے ڈرافٹ میں رجسٹریشن کرائی تھی۔ قندھار واریئرز نے اپنے پہلے انتخاب میں افغانستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد نبی سے قبل انہیں ٹیم میں شامل کیا۔عامر اس وقت انگلینڈ میں مقیم ہیں اور رواں سال مئی میں برطانوی شہریت حاصل کر چکے ہیں۔ برطانوی پاسپورٹ پر رجسٹریشن کے باعث انہیں لیگ میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ سے این او سی لینے کی ضرورت نہیں ہوگی، جبکہ پاکستانی شہری کی حیثیت سے رجسٹرڈ دیگر کھلاڑیوں کو یہ اجازت درکار ہوگی۔محمد عامر پاکستان سپر لیگ کے علاوہ بنگلا دیش، کیریبین اور لنکا پریمیئر لیگز، انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی اور دی ہنڈرڈ میں بھی کھیل چکے ہیں۔ وہ 378 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 440 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، ان کی بولنگ اوسط 22.72 اور اکانومی ریٹ 7.38 رہا ہے۔بین الاقوامی کرکٹ میں انہوں نے پاکستان کی جانب سے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے۔ قومی ٹیم کی طرف سے ان کا آخری میچ جون 2024 میں آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں تھا۔دوسری جانب فخر زمان، صائم ایوب، حسن علی، شان مسعود، عبداللہ شفیق، فہیم اشرف اور عماد وسیم سمیت 30 سے زائد پاکستانی کرکٹرز نے بھی ڈرافٹ کے لیے نام درج کرائے ہیں۔ تاہم پاکستان اور افغانستان کے درمیان مبینہ سفارتی کشیدگی کے باعث پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت غیر یقینی ہے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ان کی شرکت کا فیصلہ پی سی بی سے این او سی ملنے سے مشروط ہوگا۔