گلوکارہ کنیکا کپور کی شادی ختم، 4 سال بعد شوہر سے علیحدگی کا اعلان

گلوکارہ کنیکا کپور کی شادی ختم، 4 سال بعد شوہر سے علیحدگی کا اعلان

Nov 4, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی( شو بز ڈیسک)بالی ووڈ کی معروف گلوکارہ کنیکا کپور نے شادی کے 4 سال بعد اپنے شوہر گوتم ہتھیرامانی سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے۔’بے بی ڈول‘ گانے سے شہرت حاصل کرنے والی گلوکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے مداحوں اور اہل خانہ کو اس فیصلے سے آگاہ کیا۔کنیکا کپور نے اپنے پیغام میں کہا کہ کافی غور و فکر کے بعد انہوں نے اور ان کے شوہر نے اپنی راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے ساتھ گزارے گئے وقت پر شوہر کا شکریہ ادا کیا اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔گلوکارہ نے مداحوں اور دیگر افراد سے اپیل کی کہ زندگی میں آگے بڑھتے ہوئے ان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔واضح رہے کہ کنیکا کپور اور گوتم ہتھیرامانی تقریباً 15 برس سے ایک دوسرے کو جانتے تھے۔ دوستی محبت میں بدلی اور دونوں نے 20 مئی 2022ء کو لندن میں شادی کرلی تھی۔یہ کنیکا کپور کی دوسری شادی تھی۔ ان کی پہلی شادی 1998ء میں کاروباری شخصیت راج چندوک سے ہوئی تھی، جس سے ان کے 3 بچے ہیں۔ دونوں 2012ء میں علیحدہ ہوگئے تھے۔کنیکا کپور کو 2014ء میں فلم ’راگنی ایم ایم ایس 2‘ کے گانے ’بے بی ڈول‘ سے غیر معمولی شہرت ملی۔ ان کے دیگر مقبول گانوں میں ’لولی‘، ’چٹیاں کلائیاں‘، ’دیسی لک‘ اور ’او بولے گا یا او او بولے گا‘ شامل ہیں۔